پشاور(نیوزڈیسک)چیف کمشنر رائٹ ٹو پبلک سروسزآر ٹی ایس کمیشن نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے عوام کو خدمات کی فراہمی بہتر بنانے کے بنیادی مقصد کے لئے خیبر پختونخوا رائٹ ٹوپبلک سروسز ایکٹ 2014 نافذ العمل کیا ہے۔یہ بات انہوں نے پاکستان صوبائی سروسز اکیڈیمی پشاور میں جونئیرلیڈر شپ کورس کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے مزید کہاکہ مذکورہ قانون شہریوں کو عوامی خدمات کی بروقت فراہمی کے لئے سرکاری اداروں کو پابند بنانا ہے جبکہ مقررہ وقت کے اندر مطلوبہ خدمات نہ ملنے کی صورت میں ان پر سزا اور جرمانہ بھی عائد کرنا ہے۔ صوبائی حکومت نے اب تک پندرہ ا ہم عوامی خدمات کے لئے مخصوص محدود وقت اور مدت کا اعلان کیا ہے۔اس موقع پر شرکاءکے جوابات دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ مذکورہ قانون کے نفاذکے بعد یہ محسوس کیا گیا ہے کہ اعلان شدہ خدمات کی فراہمی میں بڑی حد تک بہتری آئی ہے کیونکہ آر ٹی ایس کمیشن ایک پرفارمنس مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے ا س امرکی نگرانی یقینی بناتا ہے کہ خدمات بروقت فراہم کی جا رہی ہیں یانہیں۔