اسلام آباد (نیوز ڈیسک) نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے جذباتی لہجے میں ڈائس پر مکّے مارے جس سے ہال میں بیٹھے شرکاء کی توجہ ان پر مرکوز ہوگئی۔وزیر اعظم نے اپنی تقریر میں موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات اور پاکستان کو درپیش مشکلات پر روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا ہم سے کہتی ہے کہ قدرتی آفات سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ کرنے کے لیے مزید قرضے لیں، مگر یہ رویہ کسی طور منصفانہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک ایسا ترقی پذیر ملک جو ہر سال سیلاب جیسی آفات کا سامنا کرتا ہے اور جس کا ان ماحولیاتی تبدیلیوں میں کوئی کردار بھی نہیں، اسے مزید قرضوں کے بوجھ تلے دبانے کی توقع رکھنا سراسر ناانصافی ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان قرضوں پر نہیں بلکہ اپنی محنت، جدوجہد اور قربانیوں کے بل پر ایک مضبوط اور باوقار ریاست بنے گا۔ان باتوں کے دوران انہوں نے جذباتی طور پر ڈائس پر مکّے مارے جس پر ہال میں موجود سامعین نے پرجوش انداز میں تالیاں بجا کر ان کی بات کی تائید کی۔