اسلام آباد(نیو ز ڈیسک) سعودی عرب کے مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ انتقال کر گئے۔سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق شاہی دربار نے منگل کی صبح مفتی اعظم کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان کی رحلت مملکت سمیت پوری مسلم دنیا کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔سعودی میڈیا رپورٹس کے مطابق شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ کی نماز جنازہ آج نماز عصر کے بعد ریاض کی امام ترکی بن عبداللہ مسجد میں ادا کی جائے گی۔
شاہی بیان میں کہا گیا ہے کہ مفتی اعظم نے اسلام، سائنس اور امت مسلمہ کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں اور ان کا انتقال ایک عظیم عالم دین کے فقدان کے مترادف ہے۔مرحوم شیخ عبدالعزیز نہ صرف سینئر علماء کونسل کے سربراہ رہے بلکہ انہوں نے حج کے دوران خطبہ دینے کے فرائض بھی سرانجام دیے۔سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ اور پوری امت سے تعزیت کی ہے۔مزید برآں، شاہ سلمان کی ہدایت پر آج بعد نماز عصر مسجد الحرام، مسجد نبوی اور مملکت بھر کی مساجد میں شیخ عبدالعزیز کی غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی جائے گی۔















































