اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سعودی عرب، قطر اور متحدہ عرب امارات نے پاک فوج کے قافلے پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شہدا کے اہل خانہ، حکومتِ پاکستان اور عوام سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ خیبر پختونخوا میں فوجی جوانوں کو نشانہ بنانے والا یہ حملہ ناقابلِ برداشت ہے۔ سعودی حکومت نے متاثرہ خاندانوں اور پاکستانی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
اسی طرح قطر کی وزارتِ خارجہ نے اپنی ویب سائٹ پر جاری بیان میں واضح کیا کہ قطر ہر قسم کی دہشت گردی اور پرتشدد کارروائیوں کو مسترد کرتا ہے، خواہ ان کے لیے کسی بھی طرح کی توجیہ پیش کی جائے۔
کویت اور متحدہ عرب امارات نے بھی اپنے الگ بیانات میں اس واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں اور شہدا کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
واضح رہے کہ حال ہی میں افغان سرحد کے قریب جنوبی وزیرستان میں شدت پسندوں کی گھات لگا کر کی گئی کارروائی کے نتیجے میں پاک فوج کے 12 جوان شہید ہوئے تھے۔ بعد ازاں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے اطلاع دی کہ جوابی کارروائی میں دو مختلف آپریشنز کے دوران 35 دہشت گرد مارے گئے۔