نئی دہلی (نیوز ڈیسک )متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے اپنے یومِ اتحاد (نیشنل ڈے) کی مناسبت سے 2 اور 3 دسمبر کو سرکاری تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے۔رپورٹس کے مطابق اس سال 2 دسمبر کو یو اے ای کا 54 واں یومِ اتحاد منایا جائے گا، جو ملک کے سات امارتوں کے اتحاد اور قیام کی یاد دلاتا ہے۔ حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ یہ تعطیلات منگل اور بدھ کے روز ہوں گی، تاہم ویک اینڈ کے باعث عوام کو ممکنہ طور پر چار دن کا طویل چھٹیوں کا سلسلہ مل سکتا ہے۔ ملکی قوانین کے مطابق یہ چار روزہ تعطیلات پانچ دن تک بھی بڑھائی جا سکتی ہیں۔
اس سال کی مرکزی تقریب ایک شاندار تقریب کی صورت میں منعقد کی جائے گی، جس میں اماراتی قیادت کی شرکت متوقع ہے۔ اگرچہ ابھی مقام کی باضابطہ اطلاع نہیں دی گئی، مگر تقریب 2 دسمبر کو کسی اہم ثقافتی یا قومی مقام پر منعقد ہونے کا امکان ہے۔اسٹریٹجک اور تخلیقی امور کے ڈائریکٹر عیسیٰ السبوسی کے مطابق، یومِ اتحاد کی تقریبات کا آغاز “یونین پلیج ڈے” سے کیا جائے گا تاکہ اتحاد اور باہمی تعاون کی اہمیت اجاگر کی جا سکے۔ گزشتہ سال یہ تقریبات جبیل حفیت، العین میں ہوئی تھیں، جن میں امارات کی ثقافت، روایات اور مستقبل کے وژن کو بہترین انداز میں پیش کیا گیا تھا۔اس مرکزی تقریب کے بعد گلوبل ولیج، فیسٹیول پرومنیڈ، ہتہ، آؤٹ لیٹ ولیج مال اور قرآنی پارک جیسے دیگر مقامات پر بھی جشن کی تقریبات جاری رہیں گی۔ منتظمین نے امارات میں مقیم تمام شہریوں اور تارکین وطن کو دعوت دی ہے کہ وہ اس سال کے یادگار جشن کا حصہ بنیں اور تقریبات میں شرکت کریں۔