اسلام آباد (نیوز ڈیسک)بھارت میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ماں نے اپنی شیر خوار بچی کو ریفریجریٹر میں رکھ دیا اور یاد ہی نہ رہا۔بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ اتر پردیش کے ضلع مراد آباد میں پیش آیا، جہاں زچگی کے بعد ذہنی دباؤ کا شکار خاتون نے نوزائیدہ بچی کو سلانے کے بعد فریج میں رکھ دیا۔کچھ دیر بعد جب بچی کے ہچکیوں کے ساتھ رونے کی آوازیں آئیں تو اہل خانہ نے گھرمیں تلاش شروع کی، مگر وہ کہیں نظر نہ آئی۔
آخرکار جب ریفریجریٹر کھولا گیا تو بچی بے ہوشی کی حالت میں ملی۔ فوری طور پر اُسے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے بروقت طبی امداد فراہم کی۔ ڈاکٹرز کے مطابق بچی کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ خاتون نفسیاتی مسائل اور زچگی کے بعد پیدا ہونے والے دباؤ کا شکار تھی۔ اُسے مزید علاج کے لیے اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔



















































