اسلام آباد (این این آئی)بھارت سے آنے والے دریائے ستلج میں پھر سے بڑے سیلابی ریلے کا خطرہ ہے، بھارتی ہائی کمشنر نے ایک بار پھر 2 مقامات پر ہائی فلڈ الرٹ سے آگاہ کردیا۔وزارت آبی وسائل کے مطابق بھارتی ہائی کمشنر نے بڑے سیلاب کے خطرے سے آگاہ کردیا ہے، بھارت کی جانب سے دریائے ستلج میں ہریک اور فیروزپور پر سیلاب کے حوالے سے الرٹ جاری کیا گیا ہے۔وزارت آبی وسائل نے اس حوالے سے انتباہی خط جاری کرتے ہوئے آگاہ کیا کہ بھارتی ہائی کمشنر نے صبح 8 بجے فلڈ الرٹ جاری کیا۔
واضح رہے کہ بھارت رواں ماہ سیلاب کے حوالے سے پاکستان کو 3 بار آگاہ کرچکا ہے تاہم بھارتی حکومت مسلسل سندھ طاس معاہدے کو نظر انداز کرتے ہوئے باضابطہ طور انڈس واٹر کمیشن کے ذریعے پاکستان سے رابطہ کرنے کے بجائے ہائی کمشنر کے ذریعے وزارت آبی وسائل کو سیلاب کی صورتحال سے آگاہ کرتا ہے،بھارت نے سیلاب کی صورتحال کے حوالے سے پہلا رابطہ 3 ستمبر کو کیا تھا جبکہ گزشتہ روز بھی دریائے ستلج میں 2 مقامات پر ہائی فلڈ الرٹ جاری کیا گیا تھا۔