اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ پارٹی چیئرمین عمران خان نے فیصلہ کیا ہے کہ تحریک انصاف ان ضمنی انتخابات میں حصہ نہیں لے گی جن کے نتائج پہلے ہی طے شدہ ہوں۔ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ عمران خان کی ہدایت کے مطابق پی ٹی آئی تمام قائمہ کمیٹیوں سے بھی استعفے دے گی۔
ان کے مطابق عمران خان کا ماننا ہے کہ سب سے مضبوط طاقت روحانی اور اخلاقی ہے، جب کہ جسمانی طاقت کمزور ترین سمجھی جاتی ہے۔سلمان اکرم راجا نے کہا کہ بانی چیئرمین سے ملاقات ان کا قانونی حق ہے کیونکہ وہ ان کے وکیل ہیں، لیکن کئی ماہ سے عمران خان کے اہل خانہ اور وکلاء کو ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی۔انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف اس وقت پہلے کے مقابلے میں زیادہ منظم اور سرگرم ہے، لیکن کارکنوں اور رہنماؤں کے گھروں پر چھاپے مارنے اور گرفتاریوں کا عمل جاری ہے۔ اسی وجہ سے پارٹی نے کمیٹیوں سے علیحدگی کا فیصلہ کیا تاکہ اس عمل کا مزید حصہ نہ رہیں۔سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ موجودہ نظام جھوٹ کی بنیاد پر کھڑا ہے اور ضمنی انتخابات بھی شفاف طریقے سے نہیں کرائے جا رہے، کیونکہ انہیں فارم 47 کے بغیر مکمل نہیں ہونے دیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک آزادی ہے وہ اپنی رائے کا اظہار کرتے رہیں گے، اور اگر جیل یا کسی اور سخت اقدام کا سامنا کرنا پڑا تو حالات کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔