اسلا م آبا د (نیوز ڈیسک) بھارت کے مقبول کامیڈی شو ’’دی گریٹ انڈین کپل شو‘‘ کے سیٹ پر دو معروف کامیڈینز کرشنا ابھیشیک اور کِکو شاردہ کے درمیان ہونے والی تلخ کلامی کی ایک ویڈیو نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی۔وائرل ویڈیو میں دونوں اداکار کسی معاملے پر بحث کرتے دکھائی دے رہے ہیں، جس نے شائقین کو حیرت اور تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق حالیہ دنوں میں ان کے درمیان اختلافات کی خبریں گردش کر رہی تھیں، اور یہ ویڈیو ان افواہوں کو مزید تقویت دے رہی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کِکو شاردہ کرشنا سے شکوہ کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ انہیں اپنی بات مکمل کرنے دی جائے، جب کہ کرشنا معاملے کو مزید بڑھنے سے روکنے کے لیے تحمل سے کام لیتے ہیں اور وضاحت کرتے ہیں کہ وہ اپنی آواز بلند نہیں کرنا چاہتے۔کِکو شاردہ کا مؤقف ہے کہ کرشنا نے ان کی بات کا غلط مطلب نکالا۔ اس دوران کپل شرما ویڈیو میں نظر نہیں آتے تاہم سیٹ پر موجود ٹیم صورتحال کو سنبھالنے کی کوشش کرتی دکھائی دیتی ہے۔ابھی تک نہ دونوں فنکاروں نے اور نہ ہی شو کی انتظامیہ نے اس واقعے پر کوئی ردِعمل دیا ہے، البتہ مداحوں کو امید ہے کہ معاملہ جلد سلجھا لیا جائے گا اور پروگرام معمول کے مطابق جاری رہے گا۔
خیال رہے کہ ’’دی گریٹ انڈین کپل شو‘‘ نیٹ فلکس پر نشر ہو رہا ہے اور ناظرین میں بےحد بھی ہورہا مقبول ہے۔