اسلام آباد (نیوز ڈیسک)نیوزی لینڈ کے ایک قصبے میں بس کے سامان خانے سے ایک دو سالہ بچی کے زندہ ملنے کا سنسنی خیز واقعہ سامنے آیا ہے، جس کے بعد پولیس نے ایک خاتون کو حراست میں لے لیا ہے۔یہ افسوسناک واقعہ آکلینڈ کے شمالی علاقے کائی واکا میں پیش آیا، جہاں ایک 27 سالہ خاتون بس کے نیچے سامان رکھنے والے حصے میں گئی۔ ڈرائیور کو خاتون کے طرزِ عمل پر شبہ ہوا اور اس دوران اس نے ایک سوٹ کیس میں مشکوک حرکت محسوس کی۔
ڈرائیور نے جب شک کی بنیاد پر سوٹ کیس کھولا تو اس میں صرف ڈائپر پہنے ایک کمسن بچی زندہ حالت میں موجود تھی، جو اندازاً ایک گھنٹے سے بند تھی۔ واقعے کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دی گئی۔حکام کے مطابق بچی کو جسمانی نقصان نہیں پہنچا تاہم وہ شدید گرمی کی حالت میں تھی، جس پر اسے فوراً اسپتال منتقل کر کے طبی امداد فراہم کی گئی۔پولیس نے بچی کے ساتھ لاپروائی اور غیر انسانی سلوک کے الزام میں ایک خاتون کو گرفتار کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق ملزمہ کا نام فی الحال ظاہر نہیں کیا جا رہا، تاہم اسے جلد عدالت میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔