اسلام آباد (نیوز ڈیسک)غزہ میں جاری قحط اور بھوک کے المناک حالات نے مصری عوام کو ایک منفرد طریقے سے مدد کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔ “جیو نیوز” کی رپورٹ کے مطابق مصر کے شہریوں نے “سمندر سے سمندر تک” کے عنوان سے ایک انسانی ہمدردی پر مبنی مہم کا آغاز کیا ہے۔اس مہم کے تحت مصری باشندے ایک یا دو لیٹر کی خالی پلاسٹک بوتلوں میں چاول، دال، گندم اور دیگر خشک غذائی اجناس بھر کر بحیرہ روم میں بہا رہے ہیں، اس امید کے ساتھ کہ یہ امدادی بوتلیں کسی نہ کسی طرح غزہ کے ساحلوں تک پہنچ جائیں۔
مہم میں شامل افراد کا کہنا ہے کہ اسرائیلی ناکہ بندی کے باعث زمینی راستے سے بھیجی جانے والی امداد غزہ کی سرحد پر روک دی جاتی ہے، جس کے باعث وہاں کے رہائشی طویل عرصے سے بھوک اور قلت کا سامنا کر رہے ہیں۔شرکاء نے بحیرہ روم سے منسلک دیگر ممالک، جیسے لیبیا، تیونس، الجزائر اور مراکش کے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اس مہم میں شامل ہو کر غزہ کے عوام کے لیے یکجہتی کا اظہار کریں۔مصری شہریوں کے اس غیر روایتی مگر جذباتی اقدام کو سوشل میڈیا پر بے حد پذیرائی مل رہی ہے۔ صارفین اس عمل کو انسانی ہمدردی کی ایک خوبصورت مثال قرار دے رہے ہیں۔