اسلام آباد (نیوز ڈیسک)امریکی ریاست فلوریڈا میں ایک 15 سالہ لڑکی سمر ہینوٹ ایک تالاب میں تیراکی کے دوران مگرمچھ کے خطرناک حملے سے معجزانہ طور پر زندہ بچ نکلی۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب سمر ہینوٹ فلوریڈا کے ایک تالاب (پونڈ کریک) میں نہا رہی تھی۔ اسی دوران ایک تقریباً 10 فٹ لمبا مگرمچھ اچانک نمودار ہوا اور اس نے لڑکی کی ٹانگ کو دبوچ لیا۔سمر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مگرمچھ نے پہلے اس کی ٹانگ پکڑی اور پھر اسے پانی میں گھسیٹ کر جھنجھوڑنا شروع کر دیا۔
خطرناک صورتحال میں سمر نے اپنی جان بچانے کے لیے ہوش مندی کا مظاہرہ کیا اور مگرمچھ کے سر پر مسلسل مکے مارے، جس کے بعد مگرمچھ نے ایک لمحے کے لیے اسے چھوڑ دیا۔سمر کے مطابق، مگرمچھ نے تھوڑی دیر بعد دوبارہ حملہ کیا، تاہم اس بار بھی اُس نے بھرپور مزاحمت کی اور جب مگرمچھ کی گرفت کمزور ہوئی، تو وہ فوراً موقع پا کر تیرتی ہوئی باہر نکلنے میں کامیاب ہوگئی۔واقعے کے فوراً بعد سمر کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ اب وہ خطرے سے باہر ہے۔