اسلام آباد (نیوز ڈیسک)متحدہ عرب امارات کے ایک معروف بینک نے پاکستان کیلئے ایک ارب امریکی ڈالر کے قرضے کی فراہمی کا بندوبست کر لیا ہے، جو پانچ سال کی مدت پر محیط ہوگا۔وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، اس مالی تعاون کا اہتمام یو اے ای کے بینک نے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی مدد سے کیا ہے۔ اس اسکیم میں متحدہ عرب امارات کے دیگر مالیاتی ادارے بھی اس مرکزی بینک کے ساتھ اشتراک کر رہے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) نے پالیسی گارنٹی مہیا کی ہے، جبکہ اس قرضہ اسکیم کا تقریباً 89 فیصد حصہ اسلامی شریعت کے اصولوں کے مطابق ترتیب دیا گیا ہے۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اس پیشرفت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سرمایہ کاروں کی جانب سے پاکستان کی معیشت پر اعتماد کا یہ اظہار نہایت حوصلہ افزا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی مالیاتی اصولوں کے تحت اس قرضہ سہولت کا حصول ایک اہم کامیابی ہے۔