انقرہ (این این آئی)ترکی کے مغربی صوبے ازمیر میں جنگلاتی آگ بے قابو ہوگئی ہے، جس کے بعد 50 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا۔غیرملکی خبررساں ادارے نے بتایاکہ قدرتی آفات سے نمٹنے والے ترکی کے ادارے آفاد کے مطابق سب سے شدید آگ سیفریحیصار کے جنگلاتی علاقے میں اتوار کو شروع ہوئی، جو تیز ہواں (120 کلومیٹر فی گھنٹہ) کی وجہ سے تیزی سے پھیل گئی۔صرف سیفری حیصار سے 42,300 افراد کو نکالا گیا، جب کہ ٹی وی فوٹیجز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جنگل کی آگ نے کئی گھروں کو راکھ کردیا۔
کچھ علاقوں میں صرف دیواریں ہی باقی رہ گئیں۔وزیر زراعت و جنگلات ابراہیم یومکلی کے مطابق آگ بجھانے کے لیے 1,000 سے زائد اہلکار، 4 طیارے، 14 ہیلی کاپٹر، اور 106 فائر ٹرک سرگرم عمل ہیں۔حکام نے بتایا کہ اب تک 263 مقامات پر آگ بھڑکی، جن میں سے 259 پر قابو پالیا گیا ہے، جب کہ باقی 4 مقامات پر کارروائی جاری ہے۔ایک شخص کو پٹرول سے جان بوجھ کر آگ لگانے کے الزام میں گرفتار بھی کیا گیا ہے۔ازمیر ایئرپورٹ، جو عارضی طور پر بند تھا، اب پروازوں کے لیے بحال ہو چکا ہے۔یورپی ادارے کے مطابق رواں سال ترکی میں اب تک 19,000 ہیکٹر سے زائد رقبہ آگ سے متاثر ہو چکا ہے۔ماہرین نے خبردار کیا کہ ماحولیاتی تبدیلی اور انسانی عوامل کی وجہ سے ایسے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے، جس پر ترکی کو سنجیدہ اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔