اسلام آباد (نیوز ڈیسک)دنیا میں موجود تقریباً تمام ہی جاندار سوتے ہیں لیکن مچھلیوں کی نیند ایک معمہ تھا جس کا بالآخر سائنسدانوں نے کھوج لگالیاہے اور تحقیق میں ثابت کیاہے کہ مچھلیاں بھی سوتی ہیں لیکن ان کے سونے کا انداز ایسا ہوتا ہے کہ ان کی نیند کا پتہ چلانا مشکل ہوتا ہے۔نیند کی سادہ نشانی تو یہ ہے کہ آنکھیں بند ہوں مگر کیونکہ مچھلیوں میں آنکھ کی پتلی نہیں ہوتی اس لئے یہ اندازہ لگانا آسان نہیں کہ وہ سورہی ہیں یا نہیں لیکن سائنسدانوں نے ان چارباتوں پرتحقیق کرکے سونے کا پتہ لگالیا۔وہ لمبے وقفے کے لئے بے حس و حرکت نظر آتی ہیں۔ان کا جسم آرام دہ حالت میں ہوتا ہے مثلاً دم قدرے جھکی ہوئی نظر آتی ہے۔وہ روزانہ ایک مخصوص وقت پر آرام کرنے کا انداز اختیار کرتی ہیں۔وہ اپنے ارد گرد کے ماحول اور تبدیلیوں پر توجہ نہیں دیتی ہیں اور ان سے متاثر ہوتی نظر نہیں آتی ہیں۔اگرچہ مختلف قسم کی مچھلیوں میں سونے کا مختلف انداز پایا جاتا ہے مگر ان میں مندرجہ بالا نشانیاں مشترک نظر آتی ہیں۔