اسلام آباد (نیوز ڈیسک) اقوام متحدہ نے بھارتی بحریہ کی جانب سے مبینہ طور پر روہنگیا پناہ گزینوں کو سمندر میں پھینکنے کے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کا سخت نوٹس لیا ہے۔
اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بھارتی نیوی کی طرف سے روہنگیا مہاجرین کو بحیرہ انڈمان میں پھینکنے کی رپورٹس نہایت سنگین اور تشویشناک ہیں۔ ادارے کے مطابق اس واقعے کی مکمل اور باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ حقائق سامنے لائے جا سکیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اگر یہ رپورٹس درست ثابت ہوتی ہیں تو یہ اقدام بین الاقوامی انسانی قوانین اور مہاجرین کے تحفظ سے متعلق عالمی ضوابط کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق کسی بھی انسان کو زبردستی اس طرح سمندر میں دھکیلنا نہ صرف غیر اخلاقی بلکہ ناقابل قبول بھی ہے۔
اقوام متحدہ نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس واقعے کی مکمل چھان بین کرے، حقائق عوام کے سامنے لائے اور ایسے غیر انسانی سلوک کو فوری طور پر روکے۔ عالمی ادارے نے کہا ہے کہ بھارت کو اپنے بین الاقوامی وعدوں اور ذمہ داریوں کا خیال رکھنا چاہیے، خاص طور پر پناہ گزینوں کے تحفظ کے حوالے سے۔