اسلام آباد (نیوز ڈیسک)بھارتی سپریم کورٹ کے سابق جج مرکنڈے کاٹجو نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں بھارتی فوج کی پسپائی کے بعد سوشل میڈیا پر طنز و مزاح سے بھرپور ردعمل دیا ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں نہ صرف صورتحال کا مذاق اُڑایا بلکہ اس شکست کی ذمہ داری بھی ایک دلچسپ انداز میں پاکستان پر ڈال دی۔اپنے سوشل میڈیا پیغام میں جسٹس (ر) کاٹجو نے کہا کہ یہ سب کچھ پاکستانیوں کی چال ہے۔
ان کے بقول، پاکستانی “شرارتی عناصر” نے فرانسیسی دفاعی کمپنی ڈیسالٹ کو رشوت دے کر بھارت کو ناقص جنگی طیارے بیچنے پر آمادہ کیا، جو میدانِ جنگ میں چینی ساختہ طیاروں کے سامنے بے بس ہو گئے۔یہ طنزیہ تبصرے اس وقت سامنے آئے جب پاکستان کی جانب سے آپریشن “بُنیان مرصوص” کے دوران بھارت میں اہم فوجی اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔
اس کارروائی میں ادھم پور، پٹھان کوٹ، سرسہ ایئربیسز، سورت گڑھ ایئرفیلڈ، براہموس میزائل کی ذخیرہ گاہ، بھارتی بریگیڈ ہیڈکوارٹرز (جی ٹاپ)، اور اڑی کے سپلائی ڈپو سمیت 12 اہم مقامات تباہ کیے گئے۔یاد رہے کہ 7 مئی کی شب بھارت نے پاکستان پر فضائی حملے کی کوشش کی تھی، جس کا پاک فضائیہ نے نہایت تیزی اور مؤثر انداز میں جواب دیا۔ جوابی کارروائی میں پاکستان ایئر فورس نے بھارت کے 5 جنگی طیارے مار گرائے، جن میں جدید فرانسیسی ساختہ رافیل جیٹ بھی شامل تھا۔ ان حملوں میں بھارت کی جانب سے نشانہ بنائے گئے عام شہریوں کے بدلے، پاکستان نے فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا، جو عسکری ماہرین کی نظر میں ایک مؤثر اور متوازن ردعمل قرار دیا جا رہا ہے۔