اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بھارت میں تعینات ایرانی سفارتخانے نے سابق بھارتی فوجی افسر گورو آریا کی جانب سے ایرانی نائب وزیر خارجہ عباس عراقچی کے خلاف ناشائستہ زبان استعمال کرنے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔
گورو آریا، جو پاکستان مخالف بیانات کے لیے پہچانے جاتے ہیں، نے ایک ٹی وی شو میں ایرانی وزیر خارجہ کے لیے نہ صرف نازیبا الفاظ استعمال کیے بلکہ ان کی توہین بھی کی۔ پروگرام کے دوران انہوں نے عراقچی اور بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر کی ایک تصویر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ “یہ عباس عراقچی ہے، حال ہی میں پاکستان میں اعلیٰ قیادت بشمول وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقاتیں کر چکا ہے، اور اب بھارت پہنچ گیا ہے۔”
اپنے اشتعال انگیز انداز میں گورو آریا نے نہ صرف تصویر پر توہین آمیز الفاظ لکھے بلکہ انتہائی نامناسب جملے کہے جن میں انہوں نے ایرانی سفارتکار کو قابل اعتراض القابات سے بھی پکارا۔ ان کا کہنا تھا کہ “یہ شخص اس وقت بھارت آتا جب پہلگام حملہ ہوا تھا، اور جے شنکر سے مل کر یہ کہتا کہ ایران بھارت کے ساتھ کھڑا ہے، لیکن ایسا نہیں ہوا۔”
ایرانی سفارتخانے نے اس رویے کو غیر اخلاقی، غیر سفارتی اور ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے بھارتی میڈیا اور حکام سے معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔