کراچی (این این آئی)عیدالاضحیٰ کے لیے مویشی خریدنے کے لیے کراچی سے میر پور خاص جانے والے بیوپاریوں کے قافلے پر ڈاکوؤں کا دھاوا۔ذرائع کے مطابق 19 سے 20 افراد پر مشتمل بیوپاریوں کا گروپ کراچی سے مویشی خریدنے کے لیے روانہ ہوا تھا اور ان کے پاس ڈیڑھ کروڑ روپے کی نقد رقم موجود تھی۔جیسے ہی یہ قافلہ سپر ہائی وے پر بحریہ ٹاؤن کے قریب پہنچا وہاں سے ایک ویگو ڈالہ مسلسل ان کا پیچھا کرتا رہا۔
متاثرین کے مطابق ویگو ڈالے میں سوار افراد نے اسلحے کے زور پر گاڑی کو روکا اور بیوپاریوں سے ڈیڑھ کروڑ روپے کی خطیر رقم لوٹ کر فرار ہو گئے۔واقعے کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دی گئی جس کے بعد بیوپاری فرحان قریشی کی مدعیت میں ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ متاثرہ بیوپاریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈاکوؤں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور ان کی لوٹی گئی رقم واپس دلائی جائے۔دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور جائے وقوعہ کے اطراف کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کی جا رہی ہے