اسلام آباد (نیوز ڈیسک) خالصتان تحریک کے اہم رہنما گرپتونت سنگھ پنوں نے ایک تازہ بیان میں خبردار کیا ہے کہ اگر بھارت نے پاکستان پر کسی بھی قسم کا حملہ کیا تو یہ اقدام بھارت اور وزیر اعظم نریندر مودی کی آخری جنگ ثابت ہو سکتی ہے۔
اپنے بیان میں پنوں نے کہا کہ بھارتی پنجاب جلد ہی دہلی کے تسلط سے آزاد ہوگا اور خالصتان کے نام سے ایک نیا ملک دنیا کے نقشے پر ابھرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی پنجاب، پاکستان کے ساتھ ایک مضبوط حلیف کے طور پر کھڑا ہے۔
انہوں نے پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ اقوامِ متحدہ میں خالصتان ریفرنڈم کے حق میں آواز بلند کرے تاکہ سکھ قوم کو آزادی کا حق مل سکے۔ پنوں نے مزید کہا کہ اگر بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا تو وہ بھارتی پنجاب میں پاکستانی فوج کے لیے لنگر کا اہتمام کریں گے اور خالصتانی سکھ، بھارتی فوج کے خلاف مزاحمت کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ پنجاب میں فوجی علاقوں کی دیواروں پر ایسی چاکنگ دیکھی جا رہی ہے جس میں سکھوں کو بھارت کے مفاد میں پاکستان سے جنگ نہ لڑنے کی اپیل کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی ایک ویڈیو پیغام میں پنوں نے دعویٰ کیا تھا کہ بھارت میں بسنے والے تقریباً دو کروڑ سکھ پاکستان کے ساتھ ہیں اور وہ بھارتی افواج کو پنجاب کے راستے پاکستان پر حملہ نہیں کرنے دیں گے۔