اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان کے بعد بھارت نے اب بنگلہ دیش کو بھی پانی بند کرنے کی دھمکی دینا شروع کر دی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن پارلیمنٹ نشیکانت دوبے نے حالیہ پہلگام واقعے کے تناظر میں نہ صرف سندھ طاس معاہدے کی معطلی کی حمایت کی بلکہ اب بنگلہ دیش کے ساتھ پانی کے معاہدے پر بھی اعتراض اٹھایا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نشیکانت دوبے نے 1996 میں کانگریس حکومت کے دور میں بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان طے پانے والے گنگا پانی معاہدے (Ganga Water Agreement) کو ایک بڑی غلطی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اُس وقت کی حکومت نے بنگلہ دیش کو پانی فراہم کر کے سنگین غلطی کی، اور اب سوال یہ ہے کہ کب تک ہم اپنے دشمنوں کو پانی جیسا قیمتی وسیلہ مہیا کرتے رہیں گے؟
نشیکانت دوبے نے مزید کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ایسی فراخدلی کا خاتمہ کیا جائے۔
انہوں نے نہ صرف پانی کی فراہمی پر اعتراض اٹھایا بلکہ پاکستان اور بنگلہ دیش دونوں کے ساتھ سرحدی سیکیورٹی کی صورتحال پر بھی اپنی تشویش کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھارت نے پاکستان کے ساتھ پانی کے اشتراک سے متعلق سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کی بات کی تھی اور اب اسی رویے کو وسعت دیتے ہوئے بنگلہ دیش کے لیے بھی پانی روکنے کی بات کی جا رہی ہے۔