اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) فیس بک میسنجر، واٹس ایپ اور دیگر کالنگ اپلیکشنز کے مقابلے میں خود کو آگے رکھنے کے لیے مائیکروسافٹ کی کالنگ اپلیکشن اسکائپ نے اپنا اب تک کا سب سے بڑا فیچر متعارف کرادیا ہے۔ اپنے دوستوں اور گھروالوں سے بات جیت کے لیے اسکائپ نے گروپ چیٹ کا فیچر متعارف کرایا ہے جس میں بیک وقت کئی افراد سے بات کرسکتے ہیں. اگرچہ اسکائپ میں گروپ بات چیت پہلے بھی ہوتی تھی تاہم مائیکروسافٹ کی جانب سے اس میں ایک بڑی تبدیلی کی گئی ہے۔ اب کسی کو بھی اسکائپ چیٹ میں شریک ہونے کی دعوت ایک منفرد لنک کے ذریعے دی جاسکتی ہے اور اسے کسی کو بھیجا جاسکتا ہے یعنی ای میل، فیس بک، واٹس ایپ میسنجر یا ٹوئٹر کے ذریعے۔ یعنی اس گروپ چیٹ میں شریک ہونے کے لیے اسکائپ کا صارف ہونا ضروری نہیں بلکہ کمپیوٹر پر اسکائپ کا ویب ورڑن استعمال کرتے ہوئے بطور گیسٹ کسی ایک فرد یا گروپ سے بات چیت وائس یا ویڈیو کالنگ کے ذریعے کی جاسکتی ہے۔ آغاز میں یہ سہولت ڈیسک ٹاپ صارفین کے لیے متعارف کرائی گئی ہے جسے آئندہ چند ہفتوں میں بتدریج پوری دنیا تک توسیع دے دی جائے گی اور یہ سہولت ویب کے ساتھ ساتھ آئی فون، آئی پیڈ اور انڈرائیڈ صارفین کو بھی دستیاب ہوگی۔ اس کو استعمال کرنے کے لیے آپ کو اپنے کمپیوٹر میں اسکائپ کا تازہ ترین ورڑن یا اسکائپ فار ویب کو استعمال کرنا ہوگا جہاں سے آپ ایک منفرد لنک کسی کے ساتھ بھی شیئر کرکے اسے اپنی گروپ چیٹنگ کا حصہ بناسکیں گے۔