لاہور ( این این آئی) وفاقی اور پنجاب حکومت نے عیدالفطر پر تین تعطیلات کا اعلان کر دیا تاہم سرکاری ملازمین پانچ چھٹیوں سے لطف اندوز ہوں گے۔پنجاب حکومت کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق عید الفطر پر 3چھٹیاں ہوں گی، نوٹیفکیشن کے مطابق 31مارچ (بروز پیر)سے 2اپریل (بروز بدھ)تک عیدالفطر کی تعطیلات ہوں گی۔پنجاب حکومت کے مطابق عید کی چھٹیوں کے حوالے سے وفاقی حکومت کے نوٹیفکیشن کو فالو کیا گیا ہے۔
عیدالفطر کی تعطیلات کے سبب 31مارچ سے 02اپریل تک سول سیکرٹریٹ اور اس سے ملحقہ ادارے، صوبائی ادارے، ضلعی حکومتوں کے تحت کام کرنے والے ادارے بند رہیں گے۔قبل ازیں وفاقی حکومت کی جانب سے کابینہ ڈویژن نے بھی سرکاری تعطیلات کا نوٹیفکیشن جاری کیا جس کے مطابق 31مارچ سے 2اپریل تک عیدالفطر کی تعطیلات ہوں گی۔تاہم تین حکومتی چھٹیوں کے ساتھ ہفتہ اور اتوار کی چھٹی ملا کر سرکاری ملازمین پانچ چھٹیوں سے لطف اندوز ہوں گے ۔دوسری جانب گزشتہ روز ماہرین فلکیات کی جانب سے رمضان المبارک 29روز اور عید الفطر 31مارچ کو ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔
ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ رواں رمضان المبارک 29دنوں کا ہوگا جبکہ عید الفطر 31مارچ کو منائے جانے کا امکان ہے، ملک میں 30 مارچ کی شام عیدالفطر کا چاند نظر آنے کا امکان ہے، غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 26گھنٹے ہوگی اور چاند نظر آنے کے امکانات واضح ہونگے۔ماہرین فلکیات کے مطابق 30روزے پورے ہونے کی صورت میں عید الفطر یکم اپریل ّبروز منگل)کو ہوگی۔