اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث تعمیراتی سامان کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ جاری ہے، جس کی وجہ سے عام شہریوں کے لیے اپنا گھر بنانا مزید مشکل ہوگیا ہے۔
ملتان میں سیمنٹ کی قیمت میں 25 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد فی بیگ کی قیمت 1325 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ کاروباری سرگرمیاں پہلے ہی کمزور ہیں اور سیمنٹ کی قیمتوں میں اضافہ مزید مسائل پیدا کر رہا ہے۔
ایک تاجر کے مطابق، “پہلے سیمنٹ کا بیگ 1300 روپے کا تھا، اب یہ 1325 روپے میں دستیاب ہے۔ اگر قیمتوں پر قابو نہ پایا گیا تو سیمنٹ 1500 روپے تک پہنچ سکتی ہے۔”
مزید برآں، تاجروں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پراپرٹی کی خرید و فروخت پر عائد ٹیکس ختم کیا جائے، کیونکہ اس کی وجہ سے لوگ جائیداد نہ خرید رہے ہیں اور نہ ہی تعمیرات کروا رہے ہیں، جس سے تعمیراتی صنعت شدید متاثر ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس وقت فوڈ انڈسٹری کے علاوہ تقریباً تمام کاروبار سست روی کا شکار ہیں۔