اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ہیکرز کی جانب سے واٹس ایپ کے صارفین کو ‘ ان کمنگ وائس میسج’ کے عنوان سے ای میل بھیجی جارہی ہے۔ایک بار اس ای میل کو کھول لینے پر ڈیوائس malware سے متاثر ہوجاتی ہے اور ہیکرز کے لیے صارفین کی تفصیلات تک رسائی کا راستہ کھل جاتا ہے۔ ہیکرز کی جانب سے موصول ہونے والی یہ ای میل ملنے پر صارف کو تقریباً یہ یقین ہو جاتا ہے کہ یہ ای میل کمپنی کی جانب سے ہی آئی ہے کیونکہ اس میں واٹس ایپ کا آئی کون، رنگ او ر لوگو کو استعمال کیا گیا ہے۔ واٹس ایپ صارفین کو اس کوشش سے خبردار کرتے ہوئے انٹرنیٹ سیکیورٹی کمپنیوں کا کہنا ہے کہ وہ ای میل کو کھولنے یا اس عنوان سے آنے والے پیغام کو پلے کرنے کی کوشش نہ کریں۔واضح رہے کہ واٹس ایپ کی جانب سے کبھی بھی صارفین سے براہ راست اور ای میلز کے ذریعے رابطہ نہیں کیا جاتا اور کمپنی اپنے سافٹ وئیر سے متعلق کسی بھی قسم کی تبدیلی سے متعلق اپنے آفیشل بلاگ اور دیگر ذرائع سے ہی آگاہ کرتی ہے