راولپنڈی ( نیوز ڈیسک) راولپنڈی کی کسٹم عدالت میں ماڈل ایان علی کرنسی سمگلنگ کیس کی سماعت۔ کیس کی سماعت کسٹم عدالت کے جج رانا آفتاب احمد خان نے کی۔ عدالت میں کرنسی سمگلنگ کے الزام میں ملوث ماڈل ایان علی بھی عدالت میں پیش ہوئیں۔ ماڈل ایان علی کے وکیل سردار لطیف کھوسہ بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ آج ماڈل ایان علی پر کرنسی سمگلنگ کیس میں ان پر فرد جرم عائد کی جانی تھی لیکن ماڈل ایان علی کے وکلا نے ان کی کرنسی سمگلنگ کیس میں ضابطہ فوجداری 256 کے تحت بریت کی درخواست دائر کر دی جس پر آج بھی ان پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی۔ عدالت نے کہا پہلے بریت کا فیصلہ ہو گا اس کے بعد فرد جرم عائد کی جا سکے گی۔ عدالت نے کیس کی سماعت 28 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔ عدالت میں پیشی کے موقع پر ایان علی کے گارڈز کا وکلا کے لباس میں آنے پر راولپنڈی بار کے صدر نے اعتراض کر دیا۔ ایان علی کے وکیل سردار لطیف کھوسہ نے بار صدر کو یقین دہانی کرائی کے آئندہ گارڈز وکلا کے لباس میں نہیں آئیں گے۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں