اسلام آباد( نیوزڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے یقین دہانی کرائی ہے کہ حکومت پاکستان ملک بھر میں چینی باشندوں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لئے ہر ممکنہ کوشش جاری رکھے گی،حکومت پاکستان چین کے ساتھ اپنے ہمہ جہتی تعلقات کومزید وسعت دینے اور دوطرفہ منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل کےلئے پر عزم ہے ۔بدھ کو یہاں پنجاب ہاو ¿س میں چینی سفیرسن وی ڈونگ نے وزیرِداخلہ چوہدری نثار علی خان سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں پاک چائنا تعلقات، دو طرفہ تعاون، پاک چین اقتصادی راہداری پر پیش رفت، دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چینی سفیر نے اپنی حکومت کی طرف سے مئی 2014 میںاغواکئے گئے چینی باشندے کی بحفاظت بازیابی اورحوالگی پروزیرِداخلہ کا شکریہ ادا کیا۔وزیرِداخلہ نے کہا کہ خطے کے امن اور خوشحالی جیسے اہم مقاصد میں بنیادی شراکت دار ہونے کے ناطے دونوں ملکوں کی قیادت اور عوام کا دو طرفہ تعاون کو مزیدفروغ دینے کا جذبہ قابل تحسین اور حوصلہ افزا ہے۔ حکومت پاکستان ملک بھر میں چینی باشندوں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لئے ہر ممکنہ کوشش جاری رکھے گی۔