اسلام آباد ( نیوزڈیسک)سابق وزیر داخلہ رحمن ملک نے سابق وزیر دفاع چوہدری احمد مختار کی طرف سے پاکستان میں اسامہ بن لادن کی موجودگی سے حکومت کے آگاہ ہونے کے بارے میں بیان کی تردید کرتے ہوئے متعلقہ بھارتی ٹی وی چینل سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ احمد مختار کی بات کو غلط معنی پہنائے گئے ۔اپنے ایک ٹوئٹ میں رحمن ملک نے کہاکہ احمد مختار نے ایسا کوئی دعویٰ نہیں کیا کہ پاکستانی حکام اسامہ بن لادن کی موجودگی سے آگاہ تھے ۔انہوںنے کہاکہ احمد مختار نے بھی بھارتی ٹی وی چینل کے دعوے کو مسترد کر دیا ہے اس لئے اگر چینل کی میزبان میں اخلاقی جرات ہے تو اسے پاکستان کے عوام سے معافی مانگنی چاہیے احمد مختار کی تصدیق کے بعد بات صاف ہوگئی ہے ۔واضح رہے کہ پاکستانی چینل سے بات چیت کے دور ان بھی احمد مختار نے بھارتی ٹی وی چینل کی رپورٹ کو مسترد کیا تھا اور کہاتھا کہ ان کی بات کو غلط انداز میں پیش کیا گیا ہے ۔