صدر گوگیرہ(این این آئی) اوکاڑہ کے حلقہ این اے 144 کے ضمنی الیکشن میں 40ہزار ووٹوں کی واضع برتری سے کامیاب ہونے والے آزاد امیدوار چوہدری ریاض الحق کو مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کرنے کے بعد وزیر مملکت بنائے جانے کا امکان ہے ۔ انتہائی معتبر ذرائع کے مطابق چوہدری ریاض الحق جج نے اپنے خاندان کے افراد اور قریبی دوستوں سے مشاورت کے بعد مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے ۔ جس کا باقاعدہ اعلان وہ ایک دو روز میں کریں گے ۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ ریاض الحق جج کو تحریک انصاف کی جانب سے صوبائی آرگنائزر چوہدری محمد سرور نے بھی تین مرتبہ ٹیلی فون کر کے تحریک انصاف میں شمولیت کی پیشکش کی تھی ۔ جبکہ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف بھی ان کے ساتھ مسلسل رابطہ میں ہیں ۔چونکہ ریاض الحق جج اور ان کی فیملی کے اہم رہنماءچوہدری ارشد اقبال کے وزیر اعظم نواز شریف سے ذاتی تعلقات ہیں جس کی بنا پر نواز شریف سے ان کی ایک دو روز میں اسمبلی اجلاس سے قبل ملاقات بھی متوقع ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ(ن) میں شمولیت اختیار کرنے کے بعد ان کو وزیر مملکت بنائے جانے کا قوی امکان ہے ۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر پرویز رشید اپنی پریس کانفرنس میں بھی یہ ذکر کر چکے ہیں کہ اوکاڑہ سے مسلم لیگی امیدوار نہیں ہارا بلکہ کامیاب ہونے والے امیدوار ریاض جج بھی مسلم لیگی ہی ہیں۔