فیصل آباد(نیوز ڈیسک)فیصل آباد میں مسلم لیگ ن کیدوگروپوں کے درمیان فائرنگ سے 3افراد زخمی ہوگئے۔پولیس نے ایم پی اے کے 4بھائیوں سمیت 28افراد کیخلا ف مقدمہ درج کرلیا۔غلام محمد آباد کے علاقے رضا آباد میں عابد شیر علی کے میئر گروپ کے حمایت یافتہ امیدوار ملک ساجد اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ریلی نکال رہے تھے۔ اس دوران مسلم لیگ ن کے مقامی ایم پی اے ملک نواز کے گارڈ اور ساتھیوں نے مبینہ طور پر گاڑی پر فائرنگ کردی۔جس سے 3 افرادٹانگوں پر گولیاں لگنے سے زخمی ہوگئے۔جنہیں الائیڈ اسپتال منتقل کردیا گیا۔واقعے کیخلاف ملک ساجد کے ساتھی جن میں پی ٹی آئی کے ورکروں کی بھی بڑی تعداد شامل تھی،احتجاج کرتے ہوئے تھانہ غلام محمد آباد پہنچ گئے۔عابد شیر علی کی تھانے آمد پر پی ٹی آئی ورکروں نے ان کے خلاف احتجاج اور نعرے بازی کی اور فائرنگ کرنیوالوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔تھانہ غلام محمد آباد پولیس نے ایم پی اے ملک نواز کے 4بھائیوں سمیت 28افراد کیخلاف انسداد دہشت گردی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔ میڈیاسے گفتگو میں عابدشیر علی نے کہا کہ الیکشن لڑنا ہر شخص کو حق ہے،وزیراعلیٰ واقعے میں ملوث افراد کو فوری گرفتار کرائیں۔