لاہور(نیوزڈیسک)قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 اورصوبائی حلقہ پی پی 147کے ریٹرننگ آفیسر زاہداقبال نے کہا ہے کہ الیکشن عمل کے دوران کسی امیدوار کی طرف سے 11اکتوبر کوپولنگ کے روز کسی قسم کی دھاندلی کی شکایت نہیں ملی،اگرہم سب ضمیر کے مطابق چلیں تو سب کچھ ٹھیک ہو سکتا ہے، میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے زاہد اقبال نے کہا کہ الیکشن عمل کے دوران انتخابی ضابطہ اخلاق کی کسی خلاف ورزی کی شکایت ملتی تو بلا شبہ کارروائی بھی کی جاتی۔انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخاب میں ہمیشہ ہی انتظامات زیادہ بہترہوتے ہیں،عام انتخابات پورے ملک میں ہوتے ہیں،اس لئے سکیورٹی انتظامات اس قدر مو ثر نہیں ہو پاتے۔ انہوں نے بتایا کہ الیکشن کے دوران میں نے خود جہاں کہیں خلاف ورزی دیکھی وہاں سے بینرز اور پوسٹرز ہٹا دیئے۔ ریٹرننگ آفیسر نے کہا کہ تحریکِ انصاف نے الیکشن کو کھلے دل سے تسلیم کرتے ہوئے ضمنی انتخاب کے پولنگ عمل پر اعتماد کا اظہار کیا جس پر ہم تحریک انصاف کے مشکور ہیں۔