ریاض(این این آئی)سعودی عرب کے وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے رواں سال مسجد نبوی روضہ شریفہ میں زائرین کی تعداد 15 ملین تک پہنچنے کی توقع کا اظہار کیا ہے۔سعودی اخبارسے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نسک ایپلی کیشن کے ذریعے خدمات میں ایک معیاری تبدیلی دیکھنے میں آئی، خاص طور پر روضہ شریفہ کے لیے اجازت نامے کا اجرا جس سے زائرین کی تعداد میں اضافہ ہوا اور یہ ضیوف الرحمن کو متعدد خدمات بھی فراہم کرتا ہے۔
حج پراجیکٹس منجیمنٹ آفس حج کے انتظامات اور منصوبہ بندی کے لیے تقریبا 50 سرکاری اداروں کے درمیان کوآرڈینیشن کر رہا ہے۔ اس تبدیلی نے عازمین کے اطمینان کی سطح کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔رپورٹ کے مطابق عازمین میں اطمینان کی سطح جو تین سال قبل 74 فیصد تک تھی، اب بڑھ کر 81 فیصد ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیزن کے اختتام سے پہلے ہی نئے سیزن کے لیے تیاریاں شروع کردی جاتی ہیں۔