نئی دہلی (این این آئی )بھارت میں سنگدل ماں نے شوہر کا قرض اتارنے کے لیے نومولود کو بیچ دیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کرناٹکا کے علاقے رام نگر میں ایک بیوی نے شوہر کا قرضہ اتارنے کیلئے ایک ماہ کے نومولود کو بیچ دیا۔پولیس نے بتایا کہ میاں بیوی مزدوری کرتے ہیں اور جوڑے کے 5 بچے ہیں، شوہر نیاپنے بچے کو گھر میں ناپاکر پولیس کو گمشدگی کی اطلاع دی اور بیوی پر شک کا اظہار کیا۔
شوہر نے پولیس کو بتایا کہ ہم پر 3 لاکھ روپے کا قرض تھا، چند روز قبل میری بیوی نے نومولود کو کسی بے اولاد جوڑے کو بیچنے کا کہا جسے میں نے سختی سے منع کیا لیکن بیٹے کے گھر میں نہ ہونے پر اہلیہ سے پوچھا تو اس نے بتایا کہ بیٹے کی طبیعت ٹھیک نہیں تھی، کسی رشتے دار کے ساتھ اسپتال بھیجا ہے، اگلے روز بھی بیٹا جب گھر نہیں آیا تو دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا۔پولیس کے مطابق شوہر کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے خاتون سے پوچھ گچھ کی گئی تو اس نے پہلے گمراہ کرنے کی کوشش کی لیکن بعد میں بچے کو بیچنے کا اعتراف کیا اور بتایا کہ اس نے بنگلورو سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کو اپنا بیٹا ڈیڑھ لاکھ روپے میں فروخت کیا۔بعد ازاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بچے کو برآمد کرکے اس کی ماں کو گرفتار کرلیا۔