کنمنگ(این این آئی)چینی اور پاکستانی کاروباری اداروں کے درمیان تعاون کے نو معاہدوں پر دستخط کیے گئے ،ان کی کل مالیت 1.918 بلین یوآن (تقریباً 263.8 ملین ڈالر) ہے۔ان معاہدوں پر دستخط کنمنگ کے چینگ گونگ میں منعقدہ ای کامرس پر ایک اسٹریٹجک تعاون سربراہی اجلاس کے دوران کے گئے۔اس سربراہی اجلاس کا عنوان تھا سی پیک کے ڈیجیٹل پوٹینشل کو فروغ دینا۔چائنا اکنامک نیٹ کے مطابق معاہدے مختلف شعبوں پر محیط ہیں، جس میں بیرون ملک سرمایہ کاری، درآمد و برآمد، معدنیات اور ایسک کی تجارت، زرعی مصنوعات، اور ڈیجیٹل معیشت شامل ہے۔
شراکت میں شامل نمایاں کمپنیوں میں یونان ینشانگ ین بگ ڈیٹا انڈسٹری ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ،جن ہوا انٹرنیشنل ٹریڈ( کمنگ) کمپنی لمیٹڈ اور ناردرن فرنٹیر مائنز پاکستان شامل ہیں۔چائنا اکنامک نیٹ کے مطابق گلگت بلتستان کے وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی راجہ ناصر علی خان کے مطابق دستخط شدہ معاہدوں سے توقع ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان خاص طور پر ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز اور ای کامرس جیسے ابھرتے ہوئے شعبوں میں تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید فروغ ملے گا۔