واشنگٹن (این این آئی) امریکی صدارتی الیکشن کو لے کر ووٹرز انتہائی پْر جوش ہیں ، امریکا کا نیا صدر کون بنیگا اس کا فیصلہ پانچ دن بعد آنیوالا ہے ۔ امریکا کی 47 ریاستوں میں 5 کروڑ سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کر چکے ہیں ، امریکی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ ریاست جارجیا کے 72 لاکھ ووٹوں میں 30 لاکھ سے زائد ووٹ کاسٹ ہوگئے۔امریکی انتخابات میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 16 کروڑ سے زائد ہے، امریکی شہری 76 فیصد ووٹ 5 نومبر سے پہلے کاسٹ کر سکتے ہیں۔
امریکی صدارتی انتخابات میں 7 ریاستوں، ایریزونا، جارجیا، مشیگن، نیواڈا، شمالی کیرولینا، پینسلوینیا اور وسکونسن کا کردار اہم ہوگا، ڈیموکریٹ امیدوار کملا ہیرس اور ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان سخت مقابلے کا امکان ہے اور یہی ریاستیں فیصلہ کریں گی ملک کا اگلا صدر کون ہو گا۔ دوسری جانب کملا ہیرس کے صدارتی حریف ڈونلڈ ٹرمپ پر تنقیدی وار جاری ہیں ، کملاہیرس نے نارتھ کیرولائنا میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ انتقامی کارروائیوں پر یقین رکھتے ہیں، وہ وائٹ ہاؤس میں اپنے مخالفین سے بدلے لینے کے لیے لسٹ لے کر داخل ہوئے ہیں۔