کنساس(این این آئی)امریکی حکام نے بتایاہے کہ ریاست کنساس کی 37سالہ خاتون تصاویر لینے کی جدوجہد کے دوران جہاز کے پروپیلر سے ٹکرا کر زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھی۔عالمی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی خاتون فوٹوگرافر امنڈا گالا گھر سکائی ڈائیورز کی تصاویر لینے کیلئے ہوائی جہاز میں سفر کررہی تھیں، سکائی ڈائیورز کے چھلانگ لگانے کے بعد وہ اپنی جگہ پر واپس پہنچیں۔
ایئر کیپٹل ڈراپ زون کے مطابق طیارہ وِچِیٹا کے باہر ڈربی کے مقام پر لینڈ کرگیا، اس دوران چھلانگ لگانے والوں کا اگلا سیٹ سوار ہو گیا۔ایئر کیپٹل زون کے مطابق نہ معلوم وجوہات کی بنا پر امریکی خاتون فوٹو گرافر ونگ کے سامنے پہنچ گئیں، جو بنیادی حفاظتی طریقہ کار کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔رپورٹس کے مطابق تصاویر لینے کی کوشش میں جب وہ تھوڑا سا پیچھے ہٹیں اس دوران گھومنے والے پروپیلر سے ٹکرا گئیں۔حکام کے مطابق امنڈا گالا گھر کو طبی امداد فراہم کرنے کیلئے فوری ہسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گئیں۔ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔