نیویارک(این این آئی)ٹیسلا اور اسپیس ایکس جیسی کمپنیوں کے مالک ایلون مسک دنیا کے امیر ترین شخص ہیں اور اب ان کی دولت میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے۔درحقیقت ایلون مسک نے ایک دن میں اتنا میں کما لیا جتنا بیشتر ممالک کا سالانہ بجٹ بھی نہیں ہوتا۔بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق ایلون مسک کی دولت میں 24 اکتوبر کو 33 ارب 50 کروڑ ڈالرز (92 کھرب پاکستانی روپے سے زائد)کا اضافہ ہوا۔اس کی وجہ یہ ہے کہ ان کی الیکٹرک گاڑیاں تیار کرنے والی کمپنی ٹیسلا کے حصص کی قیمتوں میں ایک دن میں 22 فیصد اضافہ ہوا۔
ٹیسلا کی جانب سے جولائی سے ستمبر کی سہ ماہی کی رپورٹ جاری کی گئی تھی جس میں ایلون مسک نے پیشگوئی کی تھی کہ 2025 میں الیکٹرک گاڑیاں کی فروخت میں 30 فیصد اضافے کا امکان ہے۔اس سے قبل مسلسل ایک سال تک ٹیسلا کی جانب سے سہ ماہی رپورٹس میں آمدنی میں کمی کے بارے میں بتایا گیا تھا۔واضح رہے کہ ایلون مسک ٹیسلا کے 21 فیصد حصص کے مالک ہیں اور ان کی مجموعی دولت کا 68 فیصد حصہ بھی اسی کمپنی کے حصص سے منسلک ہے۔ایلون مسک اب 270.3 ارب ڈالرز کے ساتھ دنیا کے امیر ترین شخص ہیں اور اس فہرست میں دوسرے نمبر پر موجود جیف بیزوز ان سے 61 ارب ڈالرز پیچھے ہیں۔جیف بیزوز 209 ارب ڈالرز کے مالک ہیں جبکہ میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ 201 ارب ڈالرز کے ساتھ دنیا کے تیسرے امیر ترین شخص ہیں۔