پشاور (این این آئی)وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ اب مکمل احتجاج ہو گا اور پورے پاکستان کو بلاک کریں گے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزاد عدلیہ پر حملہ ہوا ہے، غیر قانونی آئینی ترامیم کے خلاف ہم آواز اٹھائیں گے، یہ اپنی مرضی کے ججز تعینات کر کے مرضی کے فیصلے کریں گے۔وزیرِ اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ثابت ہو گیا کہ مبارک زیب کو ٹکٹ نہ دینے کا میرا فیصلہ ٹھیک تھا، مبارک زیب نے بانی? پی ٹی آئی کی تصویر لگا کر پارٹی کے ساتھ غداری کی، احتجاج کا دائرہ پورے ملک میں پھیلائیں گے۔انہوں نے کہا کہ باجوڑ کے لوگوں کو بتا رہا ہوں کہ مبارک زیب نے آپ کا ووٹ نہیں آپ کا حق بیچا، پوری کوشش ہے کہ پولیس کی صلاحیتوں میں اضافہ کریں۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ جنہوں نے بانی پی ٹی آئی کی پیٹھ میں چھرا گھونپا ان کو پارٹی سے نکالیں گے، ووٹ بیچنے والوں کے نام سامنے آئے ہیں، آج شوکاز جاری کیا جائے گا۔وزیرِ اعلیٰ کے پی نے کہا کہ جو غدار ہے اس کی پارٹی میں کوئی جگہ نہیں، اس دفعہ ایک اور احتجاج کا پلان بنا رہے ہیں، احتجاج پورے ملک میں ہو گا، ہمارے ورکرز متحد ہیں، میں احتجاج کی قیادت کروں گا۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پْرامن رہنا ہے، سیاسی تحریک ہے، سیاسی طریقے سے چلے گی، آنسو گیس اور ہر طرح کی فسطائیت کا مقابلہ کرنا آسان نہیں، پورے پاکستان کو بلاک کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے دور میں دہشت گردی ختم ہو گئی تھی، جیسے ہی بانی پی ٹی آئی کو ہٹایا گیا حالات خراب ہو گئے، حتمی احتجاج کا پروگرام بنائیں گے، پورے پاکستان میں احتجاج کریں گے، ہر جگہ سے لوگ نکلیں گے، جہاں رکاوٹ آئے گی وہیں احتجاج کریں گے۔وزیرِ اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے کہا کہ احتجاج کے لیے ہر طرف سے اسلام آباد کی جانب بڑھیں گے، بانی پی ٹی آئی کے ساتھ میٹنگ ہونی ہے، احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک قابض حکومت سے جان نہیں چھڑا لیتے۔