ممبئی(این این آئی)پولیس نے آلٹ بالاجی ٹیلی فلمز، پروڈیوسر ایکتا کپور اور شبھا کپور کے خلاف POCSO ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔یہ کارروائی بوریولی کی ایک عدالت کے حکم کے بعد ہوئی جو کہ یوگا انسٹرکٹر سواپنیل ریواجی کی جانب سے درج کی گئی شکایت کے نتیجے میں سامنے آئی ہے۔شکایت میں الزام لگایا گیا کہ آلٹ بالاجی کی تین ویب سیریز، جن میں ”کلاس آف 2017? اور ”کلاس آف 2020? شامل ہیں، میں نابالغوں کے ساتھ فحش مناظر فلمائے گئے۔
الزام ہے کہ ان سیریز میں اسکول یونیفارم میں ملبوس نابالغ اداکاروں کو نامناسب اور فحش حرکات میں ملوث دکھایا گیا۔عدالتی حکم پر پولیس نے POCSO ایکٹ کی مختلف دفعات، بشمول سیکشن 13 اور 15، اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کی دفعہ 67(a)، ویمن پروہیبیشن ایکٹ، انڈین پینل کوڈ (IPC) کے سیکشن 292، 293، 295(a) کے تحت مقدمات درج کیے ہیں۔ ان الزامات کا مقصد نابالغوں کے غلط استعمال، فحش مواد، اور ان کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔آلٹ بالاجی یا پروڈیوسر ایکتا کپور اور شبھا کپور کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔