اسلام آباد (این این آئی)وزیر دفاع خواجہ آصف نے انکشاف کیا ہے کہ جنرل فیض نے سینیٹ چیئرمین کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کے خلاف تین ووٹ دینے کا کہا تھا۔پارلیمنٹ سے گرفتاریوں کے معاملے پر تشکیل دی گئی خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں مولانا فضل الرحمن نے حکومت پر تنقید کی اور گرفتاریوں کی مذمت کی تو (ن) لیگ کے رہنما خواجہ آصف ناراض ہوگئے اور کمیٹی کا بائیکاٹ کرتے ہوئے کہا کہ میں اس کمیٹی کا ممبر ہی نہیں بنتا، مولانا فضل الرحمن نے خواجہ آصف کو واپس بیٹھنے کا کہا جس پر خواجہ آصف نے کہا کہ یہ کوئی بات نہیں ہوئی ایک سائیڈ سے تنقید ہوئی، پی ٹی آئی نے چار سال کیا کیا؟ ،نوازشریف منت کرتا رہا میری بیوی بیمار ہے میری کال پر بات کروادیں، یہ کیا بات ہوئی کہ اس وقت سب ٹھیک تھا اور اب سب غلط ہے؟مولانا فضل الرحمن نے ان سے کہا کہ یہ والی بحث اسمبلی میں کریں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ میں سینیٹ الیکشن میں پروڈکشن آرڈر پر ایوان آیا تھا، میں اپوزیشن لیڈر چیمبر میں موجود تھا مجھے جنرل فیض کا فون آیا، مجھے کہا گیا کہ آپ کو تین ووٹ گیلانی کے خلاف دینے ہیں، تب آپ لوگ نشے میں تھے؟ ،تب آپ کو سب ٹھیک لگ رہا تھا۔