اسلام آباد(این این آئی)2024 کا دوسرا چاند گرہن 17 ستمبر (پاکستانی وقت کے مطابق 18 ستمبر) کو ہوگا جسے پاکستان میں دیکھنا ممکن نہیں ہوگا۔یہ جزوی چاند گرہن ہوگا مگر یہ کافی خاص ہوگا کیونکہ ایسا سپر مون کے ساتھ ہوگا۔
یہ چاند گرہن امریکا، یورپ کے بیشتر ممالک، آسٹریلیا، افریقا، شمالی اور مشرقی ایشیا میں نظر آئے گا جبکہ پاکستان اور بھارت میں اس کا نظارہ ممکن نہیں ہوگا۔جب چاند زمین کے سائے کے تاریک ترین حصے سے گزر رہا ہوتا ہے اور زمین، سورج اور چاند کے درمیان میں آجاتی ہے تو اس موقع پر چاند گرہن ہوتا ہے۔سورج کی روشنی جب زمینی فضا میں سے گزرتی ہے تو نیلی روشنی کی نسبت لال رنگ کی روشنی زیادہ مڑ جاتی ہے اور اس وجہ سے گرہن لگنے پر چاند سرخ رنگ کا نظر آتا ہے اور اسی وجہ سے اکثر اسے بلڈ مون بھی کہا جاتا ہے۔