لاہور ( این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ (ن) لیگ ہی عوام کو مہنگائی اور بھاری بلوں سے نجات دلائے گی،پی ٹی آئی کی ناقص پالیسیوں نے ملک مہنگائی میں دھکیل دیا ،ایسا نہیں ہو سکتا کہ ہم کام کریں اور دوسرا کوئی آ کر ملک کی ترقی کو روکے اور غلط فیصلے کر کے ملکی ترقی کو ہی روند ڈالے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کے اہم مشاورتی اجلاس کی صدارت کے دوران کیا ، اجلاس میں وزیراعظم محمد شہبازشریف ،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز ،نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار ،رانا ثنااللہ ، خواجہ سعد رفیق ،حمزہ شہباز ،سینٹر پرویز رشید ،احسن اقبال ،مریم اورنگزیب ،خواجہ آصف ،عطا تارڑ ،اعظم نذیر تارڑ ،بلال اظہر کیانی ،جاوید لطیف ،صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق اور چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان سمیت دیگر شریک ہوئے ۔ اجلاس میں عوام کو مہنگائی خاص طورپر بجلی کے مہنگے بلوں میں ریلیف دینے پر تفصیلی غور کیا گیا ۔اجلاس کے دوران ملکی سیاسی امور اور پنجاب میں نئے بلدیاتی نظام کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔
اس موقع پر نواز شریف نے کہا کہ مہنگے بجلی کے بل عوام کے لئے ناقابل برداشت ہیں، پی ٹی آئی کی لائی تباہی مہنگائی اور مہنگے بل لائی ہے لیکن ہم سے عوام ریلیف کی توقع کرتے ہیں، یہ ہماری صلاحیتوں کا امتحان ہے کہ مشکل ترین حالات میں بھی عوام کو ریلیف کیسے دینا ہے۔ملک کو ڈیفالٹ سے بچانا، معاشی استحکام واپس لانے کے لئے سیاسی قربانی آپ کی حب الوطنی کاثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کی طرح اب عوام کو ڈیفالٹ سے بچانا بھی ہمارا بڑا امتحان ہے، مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ مشکلات سے راستہ نکالا ہے، گھریلو کے بعد صنعتی صارفین کیلئے ریلیف تلاش کر رہے ہیں، معیشت کو پائوں پر کھڑا کرنا ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہو سکتا کہ ہم کام کریں اور دوسرا کوئی آ کر ملک کی ترقی کو روکے اور غلط فیصلے کر کے ملکی ترقی کو ہی روند ڈالے۔پی ٹی آئی کی ناقص پالیسیوں نے ملک مہنگائی میں دھکیل دیا ہے۔وزیراعظم شہبازشریف نے پارٹی صدر کو قومی معاشی ایجنڈے کے خدوخال سے آگاہ کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کے تمام مسائل کے حل کے لئے ایک جامع معاشی ایجنڈا تیار کرلیا ہے، 200یونٹ تک پروٹیکٹڈ اور نان پروٹیکٹڈ بجلی صارفین کو تین ماہ کے لئے ریلیف دیا ہے، ترقیاتی بجٹ سے 50ارب روپے کی کٹوتی کرکے 86 فی صد عوام کو ریلیف دیاگیا۔