لاہور ( این این آئی)آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مون سون بارشوں کے امکانات ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مری 18 ملی میٹر، رحیم یار خان 17، چکوال 12 اور جوہرآباد میں بھی 12 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ مون سون بارشوں کے باعث دریاں، ڈیمز اور ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو رہا ہے۔ دریائے سندھ میں چشمہ اور تونسہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔
تربیلا اور کالا باغ کے مقام پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔ مون سون بارشوں کا سپیل 6 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ ممکنہ سیلابی خطرے کے پیش نظر تمام تر انتظامات مکمل ہیں۔ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے مطابق انتظامیہ اور متعلقہ محکمے الرٹ ہیں۔
شہری احتیاطی تدابیر اپنائیں اور حکومتی ہدایات پر عمل کریں۔ پی ڈی ایم اے رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ رواں سال مون سون سیزن میں 54 شہری جانبحق اور 141 زخمی ہوئے۔ اموات آسمانی بجلی اور بوسیدہ عمارتوں کے گرنے کے باعث ہوئیں۔ ڈی جی عرفان علی کاٹھیا کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے مطابق جانبحق افراد کے لواحقین کی مالی امداد کی جا رہی ہے۔ احتیاطی تدابیر اختیار کر کے قیمتی جانی نقصان سے بچا جا سکتا ہے۔ کمزور و بوسیدہ عمارتوں میں ہرگز رہائش پذیر نہ ہوں۔ ایمرجنسی کی صوتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائین 1129 پر رابطہ کریں۔