اسلام آباد (این این آئی)چیف جسٹس اسلام آباد عامر فاروق نے ایک سماعت کے دوران کہاہے کہ الیکشن کمیشن سے پوچھیں گے کہ کیا آپ قانون یا اْسکی منشاء کو شکست دے رہے ہیں؟۔الیکشن ٹریبونل تبدیلی کے خلاف درخواستوں پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت چیف جسٹس عامر فاروق نے کی ۔پی ٹی آئی امیدوار عامر مغل کے وکیل شعیب شاہین نے حکم امتناعی ختم کرنے کی استدعا کر دی۔
شعیب شاہین نے کہا کہ آرڈیننس ایکٹ بن چکا ہے ہم نے اْسے بھی چیلنج کرنا ہے۔چیف جسٹس اسلام آباد نے ریمارکس دیے کہ ایک اہم نکتہ ذہن میں آیا ہے، اْس متعلق وکیل الیکشن کمیشن سے پوچھوں گا، الیکشن کمیشن نے ٹریبیونل جج تقرر سے پہلے چیف جسٹس ہائیکورٹ سے مشاورت کرنا ہوتی ہے، کمیشن بعد میں ٹریبیونل خود سے تبدیل کر دے پھر تو تفریق آ گئی نا۔
چیف جسٹس اسلام آباد عامر فاروق نے کہا کہ پہلی تقرری کی مشاورت کا مقصد تو پھر ختم ہی ہو گیا، آپ پھر عدلیہ کو تو اِس سے نکال ہی دیتے ہیں یہ معاملہ دیکھنا ہے، الیکشن کمیشن سے پوچھیں گے کہ کیا آپ قانون یا اْسکی منشاء کو شکست دے رہے ہیں؟اسلام آباد ہائیکورٹ نے اسلام آباد کے الیکشن ٹریبیونل تبدیلی کے خلاف درخواستوں پر سماعت کل تک ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کے وکیل (آج)منگل کو دلائل جاری رکھیں گے۔