لاہور (این این آئی)پاکستانی اسٹار فواد خان اور صنم سعید کی بھارتی ویب سیریز”برزخ”کی پہلی قسط ریلزکردی گئی ۔سیریز برزخ کی پہلی قسط کو بھارتی یوٹیوب چینل زندگی اور اسٹریمنگ ویب سائٹ زی فائیو پر ریلیز کیا گیا ہے، اس سیریز کے ذریعے پاکستانی اداکار فواد خان اور صنم سعید نے تقریباً 12سال بعد ایک ساتھ اسکرین پر واپسی کی ہے۔اس سے قبل فواد خان اور صنم سعید کو بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل زندگی گلزار ہے میں مرکزی کرداروں میں دیکھا گیا تھا،
یہ ڈرامہ پاکستان سمیت بھارت میں بھی بہت مقبول ہوا تھا۔پاکستانی ہدایت کار عاصم عباسی کی تحریر کردہ اور بنائی گئی ویب سیریز برزخ کو بھارتی پروڈیوسرز نے پروڈیوس کیا ہے اور اس سیریز کو بھارتی اسٹریمنگ ویب سائٹ زی فائیو کیلئے ہی بنایا گیا۔برزخ میں فواد خان (شہریار) اور صنم سعید(شہریذاد)نے سوتیلے بہن بھائی کا کردار ادا کیا ہے، اس سیریز کے ذریعے دونوں اسٹارز کی طویل عرصے بعد بھارت میں بھی واپسی ہوئی ہے۔53منٹ پر مشتمل سیریز کی پہلی قسط کو بھارتی اور پاکستانی مداحوں کی جانب سے خوب پذیرائی مل رہی ہے اور اب تک لاکھوں مداح پہلی قسط دیکھ چکے ہیں۔
برزخ کی پہلی قسط 19جولائی کو جاری کی گئی جبکہ اسٹریمنگ ویب سائٹ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سیریز کی نئی قسط ہر منگل اور جمعہ کو رات 8بجے ریلیز کی جائیں گی۔سیریز برزخ کی عکس بندی پاکستان کے مقبول سیاحتی مقام ہنزہ اور اور شہر قائد میں کی گئی ہے۔برزخ کی کاسٹ میں فواد خان اور صنم سعید کے علاوہ ائزہ گیلانی، ایمان سلیمان، خوشحال خان، انیقا ذوالفقار علی، سلمان شاہد اور فرانکو گوئسٹ سمیت دیگر فنکار شامل ہیں۔