سرگودھا (این این آئی)سرگودھا میں لوڈر رکشے سے چارہ کھانے پر رکشے کے مالک نے بھینس کی زبان کاٹ دی۔پولیس کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ روز شاہ پور سٹی کے نواحی گاؤں میں پیش آیا جہاں بلال نامی شخص نے بے زبان جانور کی زبان ہی کاٹ ڈالی۔پولیس نے واقعے کی تفصیلات بتائی کہ بلال اپنے لوڈر رکشے میں چارہ رکھ رہا تھا کہ اسی دوران ایک بھینس آئی اور اس نے لوڈر رکشے سے چارہ کھانا شروع کردیا، غصے کے مارے رکشے کے مالک نے بھینس کو پکڑا اور چارہ کاٹنے والی دنتری سے اس کی زبان ہی کاٹ ڈالی۔
پولیس کے مطابق بھینس کے مالک کی درخواست پر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کر لیا گیا ہے اور ڈی پی او سرگودھا نے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی۔دوسری جانب محکمہ لائیو اسٹاک سے بھی بھینس کا طبی معائنہ کروایا گیا جس نے بھینس کی زبان کاٹے جانے کی تصدیق کی۔