کراچی(این این آئی) بے شمار خوبیوں کا حامل پھل کٹھل جسے انگریزی میں جیک فروٹ بھی کہا جاتا ہے اسے سبزی کے طور پر پکا کر بھی کھایا جاتا ہے۔رپورٹ کے مطابق یہ پھل ٹنڈو جام اور ٹنڈو الہیار میں بڑے پیمانے پر کاشت کیا جارہا ہے جس سے کاشت کاروں کو بہترین منافع حاصل ہورہا ہے۔
کٹھل کا وزن دو کلو سے 35 یا 40 کلو گرام تک ہوتا ہے، کیلشیم اور غذائیت سے بھرپور یہ پھل بازاروں میں مہنگے داموں فروخت ہوتا ہے۔ماہرین کے مطابق کیلشیم، پوٹاشیم، فائبر اور وٹامنز سے بھرپور اس پھل کا تعلق جنوب مشرقی ممالک فلپائن تھائی لینڈ بنگلہ دیش اور سری لنکا کے علاوہ ملائیشیا اور انڈونیشیا سے ہے۔اس پھل کی افادیت سامنے آنے کے بعد اب اس کی سندھ کے ساحلی علاقوں ٹنڈو جام اور ٹنڈو الہیار میں بھی باقاعدہ کاشت شروع کر دی گئی ہے۔