اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماشیر افضل مروت کی جانب سے استعفیٰ کے مطالبے پر ردعمل دیتے ہوئے شبلی فراز نے کہا ہے کہ شیر افضل مروت کی طرح بڑے لوگ سڑکوں پر پھر رہے ہیں جو استعفی مانگتے ہیں۔فواد چوہدری کی جانب سے تنقید کے بعد پی ٹی آئی کی قیادت کے ان سے رابطوں سے متعلق شبلی فراز نے کہاکہ فواد چوہدری سے ہماری جماعت سے کسی نے کوئی رابطہ نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں 2 نہیں ایک ہی بانی پی ٹی آئی کا دھڑا ہے،ہماری پارٹی کے خلاف ایک مہم لانچ کی گئی ہے۔کچھ لوگوں کو ٹی وی پر بٹھا کر ایک دوسرے کے خلاف باتیں کروائی جا رہی ہیں، سب جانتے ہیں کہ یہ لوگ کہاں سے آگئے ہیں۔پنجاب حکومت کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کے خلاف بغاوت اور غداری کا مقدمہ درج کرانے سے متعلق سوال کے جواب میں شبلی فراز نے کہا کہ 200 کیسز ہم پر ہوئے ہیں ایک اور سہی، رانا ثنا اللہ اور احسن اقبال نے بیان دیا تھا بانی پی ٹی آئی کو 5 سال جیل میں ہونا چاہیے۔