پشاور (این این آئی)خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں جائیداد کے تنازع پر فائرنگ کرکے 4 خواتین اور 4 بچوں کو قتل کردیا۔پشاور پولیس نے نواحی علاقے بڈھ بیر کے علاقے باباباغ میں جائیداد کے تنازع پر مخالفین نیگھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کردی۔
رپورٹ کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے، جاں بحق ہونے والوں میں 4 خواتین اور 4 بچے شامل ہیں۔پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلیے منتقل کرکے جائے وقوع سے شواہد اکھٹے کرلیے، ملزمان فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے۔پولیس نے واقعے سے متعلق مزید تحقیقات شروع کردی ہیں، پولیس کے مطابق ورثا کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا جائے گا۔سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) آپریشنز کاشف ذوالفقار نے جائے وقوع کا دورہ کیا، انھوں نے میڈیا کو بتایا کہ 2 ملزمان نے گھر میں گھس کر فائرنگ کی، ملزمان اور مقتولین آپس میں رشتہ دار تھے۔