نارووال( این این آئی)مقامی پارک کی انتظامیہ کی مبینہ غفلت کے باعث نایاب ہرن پانی نہ ملنے پر پیاسہ دم توڑ گیا۔بتایا گیا ہے کہ نارووال کے اکلوتے فیض احمد فیض پارک میں شدید گرمی میں پانی نہ ملنے کے باعث قیمتی نایاب نسل کا ہرن جاں بحق ہو گیا، ہرن کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جانوروں کے پانی پینے والے تالاب میں پانی موجود نہیں ہے اور باقی ہرن بھی کھڑے خالی تالاب کو دیکھ رہے ہیں جبکہ ایک ہرن تالاب کے ساتھ مردہ حالت میں پڑا ہے۔
وہاں آنیوالے سیاحوں کے نوٹس لینے پر انتظامیہ حرکت میں آئی اور پھر وہاں پانی مہیا کیا گیا اس ساری صورتحال میں عوامی حلقوں کا کہنا تھا کہ جانور بے زبان ہوتے ہیں ان کا خیال رکھنا انتظامیہ کی زمہ داری ہے جن لوگوں نے بھی غفلت برتی ہے ان کو سزا ملنی چاہیے ۔سی او میونسپل کمیٹی سردار علی کا کہنا ہے کہ ہرن بیماری کی وجہ سے ہلاک ہوا ہے۔نارووال کی سیاسی اور سماجی تنظیموں نے مطالبہ کیا ہے کہ ہرن کی ہلاکت پر تحقیقات کر کے مبینہ غفلت اور لاپرواہی برتنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔